سال 2020ءترقی و خوشحالی کا سال ہوگا:وزیر اعظم
15 جنوری 2020 (18:10) 2020-01-15

لاہور: لاہور چیمبرکے صدر عرفان اقبال شیخ نے وزیراعظم عمران سے ملاقات میں انہیں پاکستان کی برآمدات بڑھانے کا روڈ میپ پیش کیا ہے،وزیراعظم کو پیش کی گئی دستاویز میں مختلف سیکٹرز کی پوٹینشل کے بارے میں تفصیلات، انہیں درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز دی گئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے لاہور چیمبر کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں کاروباری باری برادری کا کردار بہت اہم ہے، حکومت تاجر برادری کو سہولیات دینے کے لیے پرعزم ہے اور کاروبار ماحول دوست کے لیے بہت سے اقدامات اٹھارہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری برادری ترقی کرے گی تو ملک ترقی کرے گا، حکومت چاہتی ہے کہ کاروبار پھلیں پھولیں، ان کا منافع بڑھے اور وہ روپے کو گردش میں لائیں جس سے ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ 2020ءترقی و خوشحالی کا سال ہوگا، حکومت معاشی استحکام کے لیے بہت سے قلیل المدت اور طویل المدت منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کاروباری برادری کے تعاون کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں ۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں سب سے اہم کردار برآمدات کا ہے کیونکہ یہ زرمبادلہ ملک میں لانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور حکومتی محاصل کا بڑا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی برآمدات تسلی بخش نہیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 1980میں ترکی اور پاکستان کی برآمدات یکساں تھیں مگر 2018ترکی کی برآمدات 167ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ پاکستانی برآمدات 24ارب ڈالر کے گرد گھوم رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے روڈ میپ مرتب کرنے کا مقصد معاشی ترقی کے لیے حکومت کی مدد کرنا ہے۔


ای پیپر