جواب عرض ہے! 
15 فروری 2021 2021-02-16

٭نواز شریف اور زرداری ملک کا پیسہ واپس کردیں، آج ہی استعفیٰ دے دوں گا۔ (وزیراعظم عمران خان)

Oاے تے ناں دین والیاں گلاں ہوئیاں نا !

٭ہم حکومتی معاملات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ (سابق وزیراعظم نوازشریف)

Oاور ”کڑی“ کے ساتھ ساتھ ”چاولوں“ پر بھی ہماری نظر ہے!

٭قاف لیگ ذرا قابلِ اعتماد نہیں رہی، (مولانا فضل الرحمان)

Oلہٰذا خوب گزرے گی جو مِل بیٹھیں گے ہم دیوانے دو!

٭فوج کے خلاف بولنے والے کی زبان کھینچ لیں گے۔ (وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد)

Oجبکہ جمہوریت کے خلاف بولنے والوں کے تلوے چاٹ لیں گے!

٭سینیٹ الیکشن داغدار نہیں ہونے دیں گے۔ (وزیراعلیٰ بزدار)

Oکیونکہ فی الحال ہم صرف صوبے کو داغدار کرنے میں مصروف ہیں!

٭تعلیمی اداروں میں عربی زبان لازمی قرار دینے کا بل منظور( ایک خبر)

Oکوئی بِل اپنی زبان پر قائم رہنے کا بھی منظورہونا چاہیے!

٭ہارس ٹریڈنگ روکنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔(سپریم کورٹ)

Oاور الیکشن کمیشن خیر سے اپنی یہ ذمہ داری ویسے ہی نبھارہا ہے جیسے الیکشن میں دھاندلی روکنے کی نبھاتا ہے!

٭جعلی اکاﺅنٹس کیس میں آصف زرداری کی مستقل ضمانت منظور (ایک خبر)

Oمزید زبان بندی سے مستقل رہائی بھی ممکن ہے!

٭کچھ دن ٹھہر جائیں بتاﺅں گا کتنی زمینوں پر سیاستدان قابض ہیں۔ (وزیراعظم عمران خان)

Oاور جو پورے ملک پر قابض ہیں اُن کا کبھی نہیں بتاﺅں گا !

٭حکمران اپنی حدود میں رہیں، میں اپنی حدود میں رہوں گا۔ (مولانا فضل الرحمان)

Oیہ الگ بات ہے کہ میری ”حدود“ ،”لامحدود“ ہے!

٭اسٹیبلشمنٹ ماضی کی غلطیاں مانے۔ (مریم نواز شریف)

Oاور اِن غلطیوں میں ہمیں دوبارہ اقتدار میں لانے کی غلطیاں بھی چاہے شامل کرلے!

٭سینیٹ الیکشن کے لیے حکومت دھاندلی کا منصوبہ بنارہی ہے۔ (بلاول بھٹو زرداری)

Oاور ہمیں غصہ اِس بات پر ہے ہمارا کام حکومت کیوں کررہی ہے؟!!

٭صدارتی نظام لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ (سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی)

Oاگر ایسا ہی کرنا ہے تو نواز شریف سے بہتر صدر کوئی نہیں ہوسکتا !

٭کپتان کسی کرپٹ کو نہیں چھوڑے گا۔ (معاون خصوصی وزیراعظم شہباز گل)

Oلہٰذا ہوسکتا ہے ہم کپتان کو چھوڑدیں!

٭سیاست سیکھنی ہے تو ہماری شاگردی میں آئیں۔ (مولانا فضل الرحمان)

Oاور ہوسکے تو شاگردی میں آتے ہوئے ڈیزل کا اِک پرمٹ بھی لیتے آئیں!

٭وزیراعظم کو بھی نہیں پتہ تھا ویڈیو میں کون کون لوگ موجود ہیں۔ (وفاقی وزیر شبلی فراز)

Oاور ویڈیو میں موجود لوگوں کو بھی نہیں پتہ تھا وزیراعظم کون ہیں!

٭سینیٹر بننے کی قیمت چالیس سے سترکروڑ روپے چل رہی ہے۔ (ولید اقبال سینیٹر)

Oاور حکومت کا یہ حق بنتا ہے اُسے خصوصی رعایت ملے!

٭مولانا فضل الرحمان اور جعلی راجکماری مریم صفدر کو فوج کے نیوٹرل رہنے کا غصہ ہے۔ (فردوس عاشق اعوان)

Oاور یہ اب ہمارا تقریباً ”مشترکہ غصہ“ ہے!

٭کسی بھی ادارے کو سیاست میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ (مریم اورنگ زیب)

Oکیونکہ کوئی بھی ادارہ سیاست میں مداخلت کی ہم سے اجازت مانگنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں کرتا !

٭چاہوں تو عمران خان کی حکومت ایک دِن نہ چلے۔ (وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک)

Oجیسے میری وزارت مجھ سے ایک دن نہیں چلی!

٭استعفوں کی ڈیڈلائن دے کر پی ڈی ایم سردیوں کی چھٹیوں پر چلی گئی (ایم این اے فرخ حبیب)

Oاب اُمید ہے گرمیوں کی چھٹیوں میں ہم بھی چلے جائیں گے!

٭سیاسی رہنماﺅں کو منفی سرگرمیوں کے بجائے ملک بارے سوچنا چاہیے(سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی)

Oصرف سیاسی رہنماﺅں کو یہ سوچنا چاہیے یا ”اصلی رہنماﺅں “ کو بھی سوچنا چاہیے ؟؟!

٭کسان بھارت کی توہین کا باعث بن رہے ہیں ( بھارتی وزیر اعظم مُودی)

Oحالانکہ اِس مقصد کے لیے میں خود ہی کافی ہوں!

٭عوام تھوڑا صبر اور کرلیں (وزیراعظم عمران خان)

Oکاش آپ نے بھی تھوڑا صبر اور کرلیا ہوتا!

٭ہمارا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں (جاوید اقبال چیئرمین نیب)

Oکیونکہ سیاسی جماعت کوئی ”خاتون“ نہیں ہوتی!

٭اپوزیشن کے واویلے سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں (وزیرجیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان)

Oحکومت کو صرف حکومت سے خطرہ ہے!

٭پی ٹی آئی کو اپنے ”بلیک ہول“ نظر نہیں آئے (خواجہ سعدرفیق)

Oجیسے ہمیں اپنے ”مین ہول“ نظر نہیں آتے تھے!

٭جمہوریت برقرار رہتی تو سیاست میں شاید یوں پیسہ نہ چلتا(سپریم کورٹ)

Oاور عدالت میں بھی شاید نہ چلتا !

٭اوپن بیلٹنگ نہ ہوئی تو اپوزیشن روئے گی (وزیراعظم عمران خان )

Oجبکہ عوام پہلے ہی رورہے ہیں !

٭غیر آئینی اقدامات پر مولانا فضل الرحمان کونوٹس دینے کا سوچ رہے ہیں۔ (مولانا شیرانی)

Oاور اگر اُنہوں نے جواباً آپ کو نوٹ دینے کا سوچ لیا تو ؟؟!!

٭کراچی میں اگست تک گرین لائن بس چل پڑے گی۔ (وفاقی وزیر اسدعمر)

Oاور ہوسکتا ہے اُس کے بعد مجھ سے میری وزارت بھی چل پڑے!!

٭پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہورہا ہے۔ (عارف علوی صدر مملکت)

Oاِس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے میں خود بھی معاشی طورپر مضبوط ہورہا ہوں!

٭بجلی کے بحران کی اصل ذمہ دار نون لیگ ہے (وفاقی وزیر بجلی وپانی عمر ایوب)

Oجبکہ باقی جتنے بھی بحران ہیں اُن کے اصل ذمہ دار ہم ہیں !

٭افسران اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔ (وزیراعظم عمران خان)

Oمگر ویسی بہتر نہ بنائیں جیسی میری ہے!

٭ایسی حکومت آئی ہے لوگ کہہ رہے ہیں پرانے چوروں کو واپس لائیں تاکہ روٹی تو ملے (مولانا فضل الرحمان)

Oآپ سیدھا سیدھا کیوں نہیں کہتے آپ واپس آنا چاہتے ہیں ؟؟!!

٭لاکھوں افراد استعفیٰ لینے آئے تو حکمرانوں کو راہ فرار نہیں ملے گی (نون لیگ)

Oپر مسئلہ یہ ہے فی الحال ہمیں لاکھوں افراد نہیں مِل رہے!!

٭سازشیوں کو بے نقاب کرنے کے قدرت کے اپنے طریقے ہیں۔ (مریم نواز شریف)

Oاور میں حیران ہوں قدرت یہ سارے طریقے ہم پر کیوں آزمارہی ہے ؟؟؟


ای پیپر