پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ ’گروو میرا‘ بہت اچھا ہے: عاطف رانا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
15 فروری 2021 (19:03) 2021-02-15

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عاطف رانا نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ ’گروو میرا‘ بہت اچھا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق عاطف رانا نے کہا کہ ہر چیز کسی کیلئے اچھی اور کسی کیلئے بری ہوتی ہے جبکہ ماضی میں بھی پاکستان سُپر لیگ کے آفیشل ترانوں پر آغاز میں تنقید کی جاتی رہی ہے، اہم یہ ہے کہ لوگوں کو متحرک رہنے کیلئے کچھ نہ کچھ کرنے کو مل رہا ہے۔

واضح رہے کہ شائقین کرکٹ کا ’گروو میرا‘ پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پچھلے تمام سیزن کے آفیشل ترانے اس سے لاکھ درجے بہتر تھے جبکہ کچھ صارفین کا تو یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں یہ گانا سُننا ہی نہیں چاہیے تھا۔ پی ایس ایل چھ کا آفیشل ترانہ سُننے کے بعد زیادہ تر مداحوں نے علی ظفر سے دوبارہ گانا ریلیز کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

 دوسری جانب بہت سے افراد کی جانب سے اس گانے کیلئے پسندیدگی کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے بھی کہا تھا کہ پی ایس ایل چھ کے گانے سے متعلق ہونے والی تنقید کا علم ہے لیکن ہر کسی کی اپنی اپنی پسند اور رائے ہوتی ہے۔ 


ای پیپر