محمد رضوان کو جنوبی افریقہ کیخلاف عمدہ کارکردگی کا صلہ مل گیا، آئی سی سی رینکنگ میں کس پوزیشن پر پہنچ گئے؟
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
15 فروری 2021 (18:08) 2021-02-15

دبئی:  پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے عالمی ٹی 20 رینکنگ میں 116درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے کیریئر کی بہترین 42 ویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے البتہ باؤلرز اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں کوئی بھی پاکستانی ٹاپ ٹین میں شامل نہیں ہو سکا۔ 

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کی جانے والی رینکنگ کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں انگلش کرکٹ ٹیم کے ڈیوڈ میلان سرفہرست ہیں جبکہ بھارتی بلے باز لوکیش راہول دوسرے، آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ تیسرے، پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم چوتھے، آسٹریلین آل راؤنڈر گلین میکسویل پانچویں، جنوبی افریقہ کے ریسی وینڈرڈوسن چھٹے، بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ساتویں، نیوزی لینڈ کے بلے باز کولن منرو آٹھویں، نیوزی لینڈ کے ہی ٹم سیفرٹ نوویں اور افغانستان کے حضرت اللہ زازئی 10ویں نمبر پر ہیں۔ 

 باؤلرز کی فہرست میں افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان پہلے، جنوبی افریقہ کے سپنر تبریز شمسی دوسرے، افغانستان کے مجیب الرحمان تیسرے، انگلینڈ کے عادل رشید چوتھے، آسٹریلیا کے ایڈم زامپا پانچویں، آسٹریلیا کے ایشٹن اگر چھٹے، نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی ساتویں، ویسٹ انڈیز کے شیلڈن کوٹریل آٹھویں، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر نوویں اور انگلینڈ کے کرس جارڈن 10 ویں نمبر پر ہیں۔ 

کرکٹ کی عالمی تنظیم کی جانب سے جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے محمد نبی پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے، آسٹریلیا کے گلین میکس ویل تیسرے، سکاٹ لینڈ کے رچرڈ بیرنگٹن چوتھے، زمبابوے کے سین ولیمز پانچویں، آئرلینڈ کے گیرتھ ڈیلانی چھٹے، اومان کے خاور علی ساتویں، کینیا کے کولنز اوبویا آٹھویں، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے روہان مصطفی نوویں اور اومان کے ذیشان مقصود دسویں نمبر پر ہیں۔ 


ای پیپر