Source : Facebook

ویڈیو کیوں لیک کی ؟شیخ رشید نے صحافیوں سے بدلہ لے لیا
15 دسمبر 2018 (16:47) 2018-12-15

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے صحافیوں سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو لال حویلی میں دی گئی دعوت ہی منسوخ کردی اور کہا ہے کہ پچھلی دفعہ آپ نے اچھا نہیں کیا، اس لیئے لال حویلی کی دعوت واپس لے لی، آپ لوگوں نے کروڑوں لوگوں کو میری وائرل ویڈیو دکھادی، آپ تو چاہتے ہیں پھڈا بنے، چار مرتبہ وزیراطلاعات رہا ہوں آپ لوگوں کو خوش کرنا آسان نہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے گزشتہ دنوں اپنی وزارت کی کارکردگی بتانے کے لیے پریس کانفرنس کی تو اس کے اختتام پر مائیک کھلے رہ گئے۔شیخ رشید نے صحافیوں کے سوال و جواب پر وزیراعظم کی جانب سے وزارت اطلاعات کی پیشکش سے متعلق سرگوشی کی جو مائیک سے ہوتی ہوئی صحافیوں کے کانوں تک جا پہنچی اس کے بعد میڈیا میں ان خبروں کو بریکنگ نیوز کے طور پر پیش کیا گیا جب کہ وزیر اطلاعات نے بھی اس خبر پر رد عمل کا اظہار کیا تھا اور شیخ رشید کے لیے اپنی وزارت چھوڑنے کی پیشکش کی تھی۔

وزیر ریلوے صحافیوں کی جانب سے اس خبر کو بریک کیے جانے پر ناراض نکلے اور ہفتے کو پریس کانفرنس میں اس کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں کی دعوت ہی منسوخ کردی۔شیخ رشید نے صحافیوں سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی دفعہ آپ نے اچھا نہیں کیا، اس لیئے لال حویلی کی دعوت واپس لے لی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ آپ لوگوں نے کروڑوں لوگوں کو میری وائرل ویڈیو دکھادی، آپ تو چاہتے ہیں پھڈا بنے۔انہوں نے کہا کہ چار مرتبہ وزیراطلاعات رہا ہوں آپ لوگوں کو خوش کرنا آسان نہیں۔


ای پیپر