کشمیر کے بغیر پاکستان کی خوشیاں ادھوری ہیں : فردوس عاشق اعوان
15 اگست 2019 (19:01) 2019-08-15

پشاور: معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کی خوشیاں ادھوری ہیں۔پوری قوم بھارتی مظالم کیخلاف آج یوم سیاہ منارہی ہے، وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا سفیر بن کر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والا سلوک قائداعظم کی سوچ کو ثابت کررہا ہے، بھارتی انتہا پسند تنظیموں کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

پشاور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پوری قوم بھارتی مظالم کیخلاف آج یوم سیاہ منارہی ہے ۔ پشاور پریس کلب میں بھی بھارت کا یوم آزادی یوم بربادی کے طورپر منایا جارہا ہے، پوری قوم بھارت اور اسکے تمام اداروں کی مذمت کررہی ہے ، پشاور میں صحافتی برادری پاکستان کے 22کروڑ عوام کی آواز بن کر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مودی سرکار کی سیاہ کاریوں کو بے نقاب کرنے کیلئے پریس کلب میں اکٹھے ہوکر جس قومی فریضہ کو انجام دے رہی ہے اس کیلئے میں انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز یہ ثابت کردیاکہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کی آزادی کی خوشیاں ادھوری ہیں۔ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا تقسیم ہند کا ایجنڈا مکمل نہیں ہوتا اس ایجنڈے کو مکمل کرنا ہے تو کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات ،جذبات اور حقوق کے مطابق انہیں حق خودارادیت دینا ہوگا۔ آج قائداعظم کا سپاہی عمران خان اس عمل کو جس کیلئے پاکستان بنا تھا پورا کرنے میں کوشاں ہے ۔ انشاء اللہ کشمیر کو جلد پاکستان کے ساتھ جڑنا ہے۔قائداعظم اور رفقاء کی لازوال قربانیوں کی بدولت پاکستان وجود میں آیا۔ قائداعظم نے برصغیر میں دو قومی نظریے کی بنیاد پر پاکستان بنایا ۔ قیام پاکستان کا مقصد برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ شناخت دینا تھا لہذا کشمیر کی آزادی کے بغیر برصغیر کی تقسیم کا ایجنڈا نامکمل ہے۔


ای پیپر