فوٹوبشکریہ فیس بک

تحریک انصاف کے اسد قیصر سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے
15 اگست 2018 (15:02) 2018-08-15

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے۔

سبکدوش ہونے والے سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جہاں خفیہ رائے شماری کے ذریعے پہلے مرحلے میں سپیکر کا انتخاب کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے سید خورشید شاہ کو سپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

اسد قیصر نے 176 اور خورشید شاہ نے 146 ووٹ حاصل کیے جبکہ 8 ووٹ مسترد ہوئے۔ موجودہ سپیکر ایاز صادق نئے سپیکر کے انتخاب تک اجلاس کی صدارت کریں گے جس کے بعد نومنتخب سپیکر قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کروائیں گے۔ ایاز صادق نے اسد قیصر سے حلف لیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ڈپٹی سپیکر کے لیے قاسم سوری اور متحدہ اپوزیشن کی جانب سے سعد محمود کو نامزد کیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر اراکین اسمبلی ایوان میں موجود ہیں۔

اجلاس کے آغاز پر 5 منتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھایا جو کسی وجہ سے 13 اگست کو حلف نہیں اٹھا سکے تھے۔

 

 

 

 

 

 


ای پیپر