پنجاب اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا
کیپشن:   فوٹوبشکریہ فیس بک
15 اگست 2018 (10:24) 2018-08-15

لاہور: پنجاب اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس سپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت ہوا اور انہوں نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔ ارکان پنجاب اسمبلی حلف اٹھانے کے بعد رول آف ممبرز پر دستخط کر رہے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری اور نگران صوبائی کابینہ کے ارکان بھی آج پنجاب اسمبلی آئے۔ نگران کابینہ اور نگران وزیراعلیٰ نومنتخب ارکان کو خوش آمدید کہنے کے لئے پنجاب اسمبلی میں موجود تھے۔

اجلاس کے اختتام سے پہلے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے الیکشن کا اعلان کیا جائے گا۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے کاغذات نامزد گی آج 3 بجے سے شام 5 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے کل پنجاب اسمبلی کے ایوان میں خفیہ ووٹنگ سے انتخاب ہو گا۔

تحریک انصاف کی جانب سے چوہدری پرویز الہی سپیکر جبکہ دوست محمد مزاری ڈپٹی سپیکر کے امیدوار ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے چوہدری اقبال گجر سپیکر کے امیدوار نامزد کئے گئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان میں پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 175، مسلم لیگ ق کی 10 ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد پنجاب اسمبلی میں 162، پیپلز پارٹی کی 10 ہے۔

راہ حق پارٹی کا ایک رکن جبکہ 3 آزاد ارکان ہیں جبکہ 3 حلقوں میں نتیجہ زیر التوا اور 3 میں الیکشن روکے گئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی 7 سیٹیں ارکان کے قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے باعث خالی ہوئی ہیں۔


ای پیپر