General Bipin Rawat said India would be happy to provide more support to Afghanistan so long as peace can return
15 اپریل 2021 (22:15) 2021-04-15

 نئی دہلی :بھارت کے چیف آف ڈیفنس سٹاف بیپن راوت نے کہا کہ بھارت کو امریکہ اور نیٹو افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد پیدا ہونے والے خلا کے حوالے سے تحفظات ہیں,بپن راوت کاکہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی اور نیٹو فورسز کا انخلا خطے کے امن کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے ،ایسے میں شرپسند عناصر دوبارہ سر اُٹھا لینگے جس سے خطے کا امن تباہ ہو سکتا ہے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنرل بیپن راوت نے ایک سیکیورٹی کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پریشان کن بات یہ ہے کہ افغانستان سے امریکہ اور غیر ملکی افواج کے بعد پیدا ہونے والے خلا کی جگہ شرپسند عناصر لے سکتے ہیں البتہ انہوں نے ایسے کسی ملک کا نام لینے سے گریز کیا جو ان کے خیال میں صورتحال کا فائدہ اٹھا کر ماحول کو بگاڑ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کے روز طویل ترین امریکی جنگ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم مئی سے امریکی فوجیوں کے افغانستان سے انخلا کا عمل شروع ہو جائے گا۔بھارت کے بپن راوت نے کہا کہ ہمیں خدشہ یہ ہے کہ امریکا اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں جو خلا پیدا ہو گا تو شرپسند عناصر اس کا فائدہ نہ اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو سب سے بڑا خدشہ غیرملکی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں عدم استحکام کا ہے جو مقبوضہ کشمیر تک پھیل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا بھی خدشہ ہے کہ پاکستان، طالبان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کی بدولت افغانستان میں بڑا فائدہ حاصل کر سکتا ہے اور توقع ہے کہ امریکی انخلا کے بعد وہ اہم کردار ادا کرے۔بھارتی فوجی افسر نے کہا کہ بہت سارے لوگ غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے لیے کوشاں ہیں۔بیپن راوت نے کہا کہ ہندوستان امن کے قیام کے لیے افغانستان کو مزید مدد فراہم کرنے پر خوش ہو گا۔


ای پیپر