آرمی چیف کا فوجی فاؤنڈیشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، ہسپتال کا افتتاح
سورس:   فائل فوٹو
15 اپریل 2021 (20:31) 2021-04-15

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی فاؤنڈیشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جس کے دوران 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال کا افتتاح کیا۔ آرمی چیف نے آئندہ منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے فوجی فاؤنڈیشن ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر مینجنگ ڈائریکٹر وقار احمد ملک نے استقبال کیا۔ پاک فوج کے سربراہ کو فوجی فاونڈیشن کے آئندہ منصوبوں اور مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورے کے دوران فائونڈیشن یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ اسکول آف نرسنگ کا بھی افتتاح کیا اور معیاری خدمات کے لیے ادارے کے عزم اور کارکردگی کو سراہا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ فوجی فاؤنڈیشن 1954 سے مسلسل قومی خدمت میں مصروف ہے۔ ادارے نے ٹیکس، ڈیوٹیز، لیویز کی مد میں 175 ارب روپے ادا کیے۔

فوجی فاؤنڈیشن کا وفاقی و صوبائی حکومتوں کو ادا کردہ ٹیکس وفاقی بجٹ کا 2.45 فیصد ہے۔ گزشتہ 10 برسوں میں فوجی فاؤنڈیشن نے 1350ارب روپے ٹیکسز، ڈیوٹیز ادا کیں۔ ریٹائرڈ فوجیوں کی فلاح و بہبود کیلئے قائم ادارے سے لاکھوں سویلین افراد بھی مستفید ہو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال، افغان امن عمل میں تازہ ترین پیشرفت اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے افغان امنگوں کے مطابق افغان مسئلہ کے حل کا حامی رہا ہے اور تمام فریقوں کے اتفاق سے اس کی کامیابی کا متمنی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔ امریکا علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستانی کاوشوں کو سراہتا ہے۔

بشکریہ(نیو نیوز)


ای پیپر