حکومت اور عوام چینی صدر کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، وزیراعظم عمران خان
سورس:   فائل فوٹو
15 اپریل 2021 (20:08) 2021-04-15

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ کے جلد دورہ کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور عوام معزز مہمان کی آمد کے منتظر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں کورونا صورتحال اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اپنے ملک سے غربت کے خاتمہ کرنے پر چینی قیادت کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان چینی ترقی کے تجربے سے بھی سبق حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

عمران خان نے چینی سفیر کو بتایا کہ پاکستان کو اس وقت عالمی وبا کی تیسری لہر کا سامنا ہے اور ہماری حکومت اس سے نمٹنے کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت نے پورے ملک میں ویکسی نیشن کا وسیع منصوبہ تیار کیا ہے۔

انہوں نے سی پیک منصوبے کو دونوں ملکوں کے لئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اسے تیزی سے مکمل کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ خان ملاقات میں چینی سفیر نے چینی صدر اور وزیراعظم کے پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کو دہرایا۔

چینی سفیر نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کو کورونا کے اضافے سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن مدد کرتے ہوئے مزید ویکسین کی فراہمی کرے گا۔ چینی سفیر نے اس ملاقات میں وزیراعظم پاکستان کو دورہ چین کی دعوت بھی دی۔

اس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں تحریک لبیک پر پابندی کے فیصلہ پر اعتماد میں لیا گیا۔وزیرداخلہ شیخ رشید نے ملکی امن و امان کی صورتحال  پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تحریک لبیک کو کالعدم قرار دے کر مکمل پابندی عائد کی جارہی ہے۔

وزیراعظم نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی اداروں نے جس جذبہ کے ساتھ امن قائم کیا قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اورسیکورٹی اداروں پر انہیں اور پوری قوم کو فخر ہے ۔

بشکریہ(نیو نیوز)


ای پیپر