Petrol Price Pakistan
15 اپریل 2021 (15:30) 2021-04-15

اسلام آباد :مہنگائی کے بڑھتے طوفان میں عوام کیلئے اچھی خبر آگئی ،اوگرا کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری ارسال کر دی گئی ،15 دن کیلئے نئی قیمتیں مقرر کرنے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے تک کمی کی سفارش کی گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اوگرانے پٹرولیم مصوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری حکومت کو ارسال کر دی ،پیٹرولیم ڈویژن حکام کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سمری موصول ہوئی ،جس کی منظوری سے پٹرولیم مصنوعات 2 روپے فی لیٹر تک سستی ہونے کا امکان ہے۔ اوگرا نے اپنی سمری میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم لیوی میں اضافہ نہ کرنے کی تجویز دی ہے۔

اوگرا نے سمری پٹرولیم ڈویژن حکام کو بھجوا دی ، حتمی منظوری وزیراعظم عمران خان دیں گے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بھیجی گئی نئی سمری کے مطابق اگر پٹرول اور ڈیز ل کی قیمتوں میں 2 روپے کمی کی جاتی ہے تو اس سے پٹرول کی نئی قیمت 108.35 روپے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 111.08 روپے فی لیٹر ہو جائے گی ۔

حکام کے مطابق قیمتوں میں کمی 15 دن کے لیے تجویر کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان آج شام کو ہو گا۔ واضح رہے کہ 31 مارچ کو بھی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی تھی۔وزارت خزانہ نے یکم اپریل سے اگلے پندرہ روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔


ای پیپر