شاہ محمود قریشی کی چینی وزیر خارجہ سے اہم گفتگو ،اندرونی کہانی سامنے آگئی
15 اپریل 2020 (20:17) 2020-04-15

اسلام آباد :وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کرونا وبائی صورتحال،علاقائی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کرونا وبا نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ کمزور معیشتوں پر اس وبا کے اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کے واجب الادا قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی تجویز دی تاکہ یہ ممالک اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس وبائی چیلنج کا مقابلہ کر سکیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جی 20 فورم کی طرف سے واجب الادا قرضوں میں سہولت کی فراہمی کے معاملے کو زیر غور لانا قابلِ تحسین ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ قرضوں کی ادائیگی میں سہولت کے دائرہ کار کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان سمیت، قرضوں کے بوجھ تلے دبے، تمام ترقی پذیر ممالک اس سے استفادہ حاصل کر سکیں ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ وبائی صورتحال کے پیش نظر، ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کیلئے ایک نئے جامع معاشی پلان کی ضرورت ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے موجودہ وبائی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔


ای پیپر