پنجاب حکومت کا روزانہ 10 ہزار کورونا ٹیسٹ کا اعلان
15 اپریل 2020 (15:51) 2020-04-15

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا کے تشخیصی ٹیسٹ کی استعداد کار روزانہ 10 ہزار تک بڑھانے کا اعلان کر دیا۔

ایک انٹرویو میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب بہت جلد 10 ہزار کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا، 8 نئی لیبز بنانے کا کام آخری مراحل میں ہے، پنجاب میں 43 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں، 4500 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال قائم کر دیئے ہیں، فیلڈ ہسپتال لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا اور دیگر شہروں میں بنائے گئے ہیں، فیلڈ ہسپتالوں میں بستروں کی تعداد 10 ہزار تک بڑھا سکتے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ  کورونا سے بچا کے لئے لاک ڈائون کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، پنجاب میں ایس او پیز کے مطابق کنسٹرکشن انڈسٹری اوپن کر رہے ہیں، ہسپتالوں، سکولوں اور سڑکوں کی تعمیر کو پہلے مرحلے میں مشروط طور پر کھولا جائے گا، مختلف انڈسٹریز کو کھولنے کا جائزہ لیا جائے گا، مقامی سطح پر لاک ڈائون میں نرمی یا سختی کا اختیار کمشنر کو ہوگا۔

سردار عثمان بزدار نے کہا رمضان میں عام آدمی کو ریلیف دینے کا طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے، لاک ڈائون میں نرمی کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، ناجائزہ فائدہ نہ اٹھایا جائے، پنجاب میں پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ اور این 95 ماسک اور دیگر سامان روزانہ کی بنیاد پر لایا جا رہا ہے۔


ای پیپر