Image Source : Twitter

پاکستان کیخلاف دشمنوں کا بڑا منصوبہ بے نقاب
15 اپریل 2019 (16:56) 2019-04-15

کوئٹہ :وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان کے دشمن چاہتے ہیں کسی طرح پاکستان کو بلیک لسٹ کرا دیں، اپنے عزم کی بدولت ملک پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے، مختلف بنیادوں پر ہمیں لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم دشمن کی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

پیرکو شہر یار آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہزارگنجی کے واقعہ پر انتہائی افسوس اور دلی صدمہ ہے حکومت ہزار گنجی کے شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہر مشکل کی گھڑی میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑ ے ہیں، بلوچستان میں دہشتگردی کی کاروائی اس وقت کی گئی جب پاکستان ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ جبکہ دشمن پاکستان کو دہشتگرد ملک قرار دلواناچاہتے ہیں، ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے ، ہم ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر یں گے،غیروں کے مفاد میں پاکستانیوں کو دست و گریباں کرنے کو کوشش کی جارہی ہے ۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ شام کے پاس اگر پاکستان جیسی سیکیورٹی فورسز ہوتیں تو آج ان کا یہ حال نہ ہوتا۔ وزیر مملکت کا منصب سنبھالنے کے بعد میں متعدد بار کوئٹہ آچکا ہوں، ہزارہ کمیونٹی کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے ، ماضی میں ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ نہیں کیا گیا، بلوچستان کی محرومیوں کو ختم کرنا وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔ تمام متعلقہ ادار ے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے سر جوڑ کر بیٹھے ہیں، ملک کی تمام سرحدیں محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔دشمن قوم کو گمراہ کرنے اور لڑانے کے لئے نت نئے طریقے استعمال کر رہا ہے۔


ای پیپر