Source : Yahoo

کلثوم نواز کی نماز جنازہ اداکردی گئی
14 ستمبر 2018 (17:22) 2018-09-14

لاہور :سابق خاتون اول کلثوم نواز کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی میں ادا کردی گئی ۔ نماز جنازہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے پڑھائی۔

تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے جنازے میں شرکت کیلئے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ،جس میں سیاسی ،سماجی رہنماﺅں نے بھرپور شرکت کی ، نواز شریف جنازے میں شرکت کیلئے خود گاڑی چلا کر شامل ہو ئے ، نواز شریف جس گاڑی کو ڈرائیو کر رہے تھے اس میں مولانا طارق جمیل نواز شریف کیساتھ اور شہباز شریف بھی سوار تھے ۔


کلثوم نواز کے جنازے میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ،پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ ،قمر زمان کائرہ ،راجہ پرویز اشرف، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن ، ایم کیو ایم کے فاروق ستار ، خالد مقبول صدیقی، عتیق الرحمٰن اورچوہدری برادران سمیت دیگر سیاسی قائدین ، شریف خاندان اور ن لیگ کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور گورنر پنجاب چوہدری سرور جنازہ میں شریک ہوئے ، پیپلز پارٹی کے وفد نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر شرکت کی ۔

نماز جنازہ میں اپوزیشن جماعتوں میں جماعت اسلامی ،اے این پی، پشتونخوا میپ کے وفود نے بھی شرکت کی ۔شرکائنے اس موقع پر کلمے کا بڑی تعداد میں ورد کیا۔بیگم کلثوم نواز کو جاتی امرا میں ان کے سسر محمد شریف کے پہلو میں سپردخاک کیا جائےگا۔


ای پیپر