پہلے جلسے کے اعلان کے ساتھ ہی حکومت کی سانس چڑھ گئی ہے، لیگی رہنما
14 اکتوبر 2020 (19:56) 2020-10-14

گوجرانوالہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے 16 اکتوبر کو جی ٹی روڈ پر پی ڈی ایم کے جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے جلسے کے اعلان کے ساتھ ہی حکومت کی سانس چڑھ گئی ہے اور ٹانگیں کانپنے لگی ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا تھا لیکن ہمارے کارکنان کے خلاف ایس او پیز کے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال اور پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت جبر کے ساتھ ہمارا جلسہ روکنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ملک میں چار بڑے پر امن جلسوں کے انعقاد کا اعلان کیا ہے لیکن حکومت کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو گئی ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ گوجرانوالہ کے عوام جلسے میں شریک ہو کر ثابت کریں گے کہ وہ حکومت کی مہنگائی سے تنگ آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کو کورونا سے زیاد ہ خطرناک وائرس بنا دیا ہے۔

ن لیگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں پولیس گردی کی جار ہی ہے۔ حکومت کی بوکھلاہٹ کا یہ عالم ہے کہ پنجاب میں کارکنان کے گھروں پہ چھاپے مارے جار ہے ہیں۔

ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ نے اس موقع پر کہا کہ گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ 16 اکتوبر کو ہو گا۔ انہوں ںے کہا کہ کارنر میٹنگز میں پولیس خوف و ہراس پھیلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پہ اتر آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کٹھ پتلی حکومت کی غلام بنی ہوئی ہے۔

پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ لیگی کارکنان کو خوفزدہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پیشنگوئی کی کہ پہلے آٹے کی قلت تھی اب گھی کی کمی کا سامنا ہو گا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دھاندلی حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا ہے اور سب کا اتفاق ہے کہ ان حکمرانوں نے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔ تمہاری کرسی کی کوئی حیثیت نہیں اور تمہاری حکمرانی کو ہم مسترد کرتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے عوام کا سمندر اٹھے گا اور پی ڈی ایم کے تحت ملک میں مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ انشاءاللہ ان کو دسمبر دیکھنے نہیں دیں گے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں جنگ لڑنا چاہتے ہیں۔ تحریک چل پڑی ہے اب منزل پر جاکر رکے گی اور اسے اسے آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے۔


ای پیپر