حکومت کو انشاءاللہ دسمبر دیکھنے نہیں دیں گے، مولانا فضل الرحمان
14 اکتوبر 2020 (16:16) 2020-10-14

چارسدہ: جمعیت علما اسلام (ف) اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم اپنی تحریک کو آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے اور انشاء اللہ ان کو دسمبر نہیں دیکھنے دیں گے۔

چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے دھاندلی حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا ہے اور سب کا اتفاق ہے کہ ان حکمرانوں نے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔ تمہاری کرسی کی کوئی حیثیت نہیں اور تمہاری حکمرانی کو ہم مسترد کرتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے عوام کا سمندر اٹھے گا اور پی ڈی ایم کے تحت ملک میں مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ انشاءاللہ ان کو دسمبر دیکھنے نہیں دیں گے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں جنگ لڑنا چاہتے ہیں۔ تحریک چل پڑی ہے اب منزل پر جاکر رکے گی اور اسے اسے آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو جلسے کی اجازت دینے کے لیے 14 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ 

واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے اپنا پہلا باضابطہ جلسہ گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ دوسرا جلسہ کراچی میں 18 اکتوبر کو منعقد ہو گا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی پی ڈی ایم کے بینر تلے گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو ہونے والے جلسے میں شرکت کی حامی بھر لی ہے۔

اس حوالے سے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے بلاول بھٹو سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو جلسے میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی تھی۔


ای پیپر