ناجائز حکومت کے خاتمے تک ہم نہیں رکیں گے : مولانا فضل الرحمن
14 نومبر 2019 (23:31) 2019-11-14

اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ناجائز حکومت کے خاتمے تک ہم نہیں رکیں گے ، ہم صرف شاہراہیں ہی بند نہیں کریں گے بلکہ اس سے بھی آگے بڑھیں گے ،ہم نے اس حکومت کی جڑیں کاٹ دی ہیں اب اس درخت کو گرانے کے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں ،ہما ری تحریک کوئی لمبا عرصہ نہیں چلے گی بلکہ اسی سال کے آخر میں کامیابی حاصل کریں گے ۔

ایک انٹرویو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم جو اسلام آباد میں حاصل کرنے آئے تھے اس کیلئے ہم نے ہدف مقرر کر دیا ہے ، یہ تحریک اب دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے ، یہ ناجائز حکومت اور حکمران قوم کے سر سے اتریں گے اور قوم کو ان کی امانت لوٹانے پر مجبور ہوجائیں گے ۔انہوں نے سڑکوں کو بند کرنے کے حوالے سے کہا کہ شاہراہیں بند کرنے پر ہمیں حکومت نے مجبور کیا ہے ، اگر وہ ہمیں اسلام آباد میں بیٹھے بیٹھے استعفیٰ دے دیتے تو یہ نوبت نہ آتی۔

انہوں نے کہا کہ جب سیاسی پارٹیوں کے کارکن اور عوام سڑکوں پر آئیں گے تو یہ ملک کی سیاست کو نیا رخ دیں گے ۔  ہم نے اس حکومت کی جڑیں کاٹ دی ہیں اب اس درخت کو گرانے کے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں ، یہ ہماری تحریک کوئی لمبا عرصہ نہیں چلے گی بلکہ اسی سال کے آخر میں کامیابی حاصل کریں گے ،ہمیں (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کا صرف مؤقف چاہیے ، دونوں جمہوریت کی بحالی اور اس حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔ انہوں نے چوہدری پرویزالٰہی اور چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے ہمارے پر امن مارچ کو سراہا ہے ۔


ای پیپر