Photo Credit Neo Tv

نوازشریف اس دھرتی کا بیٹا ہے ، حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، مریم نواز
14 May 2018 (19:48) 2018-05-14

بونیر:سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی و مسلم لیگ (ن) کی خاتون رہنماءمریم نوازنے کہا ہے کہ نواز شریف اور عوام کا رشتہ 30 سال سے قائم ہے اور انہیں کسی سے محب وطن ہونے کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے ،بونیر میں جلسے سے اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف سے عوام کی محبت روز بروز بڑھتی جارہی ہے ووٹ کوعزت دو کا جو جھنڈا اٹھا کر چلے ہیں امید ہے نوجوان اپنے ووٹ کوعزت دلا کر رہیں گے ۔ عوام ووٹ دے کر جس کو ایم این اے ،ایم پی اے وزیر یا وزیراعظم بناتے ہیں وہ ووٹ نہیں عوام کی طاقت ہوتی ہے ۔

جب عوامی نمائندوں کو کرپٹ ، غدار ٹھہرایا جاتا ہے ۔ میں پوچھتی ہوں ضرب عضب اور ردالفساد کی کامیابی کو نڈر اور بے خوفی سے لیڈ کرنے والا کیا غدار ہوسکتا ہے ۔ کیا بلوچستان کی محرومیوں کو دور کرنے اور قومی دھارے میںلانے ان کو پاکستان سے جوڑنے ولا صوبوں کو قریب لانے والا کیا غدار ہوسکتا ہے ۔5سال دھرنے برداشت کرنے والا کیا غدار ہوسکتا ہے؟کیا سازشوں کے باوجود ملک سے اندھیرے اور دہشتگردی ختم کرنے والا غدار ہوسکتا ہے ۔ کیا آپ کے ووٹ آپ کے حق حکمرانی آئین وقانون کی بالا دستی کی بات کرنے والا غدار ہوسکتا ہے ۔ کیا اقوام متحدہ میں برہان وانی اور بلوچستان میں ہونے والی دخل انداری کا ثبوتوں کے ساتھ مقدمہ پیش کرنے والا غدار ہوسکتا ہے؟ نوازشریف اس دھرتی کا بیٹا ہے اس کو کسی سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے ۔

30سال سے عوام کا بار بار ووٹ کے ذریعے نوازشریف کو اعتماد سے نوازنا ہی اس کیلئے سب سے بڑی حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ ہے ۔ آپ کے ووٹ سے آیا ہوا تو غدار ٹھہرایا جاتا ہے ۔ دوسری طرف کون ہیں وہ لوگ جنہوںنے پاکستان کو دہشتگردی کے اندھیروں میں دھکیلا اور اپنے وطن کے بیٹے اور بیٹیاں غیر ممالک کے ہاتھوں ڈالروں کے عوض فروخت کیا ۔

کون ہیں وہ لوگ جنہوں نے ججوں کو بالوں سے پکڑ کر گھیسٹا اور گھروں میں بھیج کر نظر بند کیا ور بعد میں ایمرجنسی نافذ کر دی کون ہے محب وطن جس نے اپنا اقتدار بچانے کی خاطر پاکستان کے عوام کا خون خیبر سے کراچی تک بہایا کون ہیں وہ لوگ جس نے اسلام آباد میں پانچ سال کنٹینر رکھ کر لشکر کشی کی اور دھرنوں اور لاک ڈاﺅن کے ذریعے ملک کو یرغمال بنانے والے کون لوگ ہیں مگر حکومت نے دھرنے اور لاک ڈاﺅن کے باوجود ترقی کا عمل جاری رکھا نواز شریف کی دشمنی میں کبھی گمنام کالم کو اٹھا کر نیب میں نواز شریف پر مقدمہ بن دیا جاتا ہے تو کبھی ایک انٹرویو کو توڑ موڑ کر پیش کیا جاتا ہے اور بھارتی میڈیا پر ہر تصدیق ثبت کی جاتی ہے۔

آپ وعدہ کرو کہ آپ کے ووٹ سے آنے والے نمائندے کی عزت کے لیے لڑو گے اس پر غداری کے فتوے جاری نہیں کرنے دو گے اس پر جھوٹے الزامات نہیں لگنے دو گے یہ کتنی عجیب بات ہے کہ جو ڈر گیا وہ لاڈلہ اور جو ڈٹ گیا وہ غدار عوام نواز شریف کے خلاف پروپیگنڈے کا الیکشن میں منہ توڑ جواب دیںگے۔ نوازشریف کو غداری کہنے والو پہلے مجھے نواز شریف سے زیادہ محب وطن تو ڈھونڈ کر لادو۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پوری دنیا کی مخالفت لے کر بھارت میں ایٹمی دھماکے کیے اور کروڑوں، اربوں ڈالروں کی امداد ٹھکر کر اپنے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔


ای پیپر