National Security Division, Islamabad security dialogue, March 17, Moeed Yusuf, PM Imran Khan
14 مارچ 2021 (13:41) 2021-03-14

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی ڈویژن ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ قومی سلامتی ڈویژن 17 مارچ سے اسلام آباد سیکیورٹی ڈائیلاگ کا انعقاد کرے گا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ اسلام آباد سیکیورٹی ڈائیلاگ 2 روزہ کانفرنس 17 اور 18 مارچ کو ہوگی جس میں قومی سلامتی کے اہم امور پر بحث کی جائے گی اور حکومت اپنی نئی جامع سیکیورٹی پر مبنی اسٹریٹجک سمت متعارف کرائے گی ۔

معاون خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی ڈویژن نے مزید بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اسلام آباد سیکیورٹی ڈائیلاگ کا افتتاح کریں گے اور ساتھ ہی وہ قومی سلامتی ڈویژن کے مشاورتی پورٹل کو بھی لانچ کریں گے ۔

معید یوسف نے مزید بتایا کہ دوسرے روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی ہوں گے ۔ اس کے علاوہ موجودہ اور سابق عہدیدران اور مقامی و عالمی پالیسی کے ماہرین بھی اس کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزرا کے علاوہ اکیڈمی اور میڈیا کے ممبران بھی اس میں شرکت کریں گے ۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ڈائیلاگ قومی سلامتی کے مشاورتی بورڈ کے تعاون سے کیا جا رہا ہے ۔


ای پیپر