A petition was prepared against Maryam Nawaz headed by Shehzad Akbar, allegation of Uzma Bukhari
کیپشن:   فائل فوٹو
14 مارچ 2021 (13:23) 2021-03-14

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کے منشی کہتے ہیں ہمارا نیب سے کوئی تعلق نہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ شہزاد اکبر کی سربراہی میں مریم نواز کےخلاف پٹیشن تیار کی گئی۔

عظمیٰ بخاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سلطنت عمرانیہ اڑھائی سال بعد بھی مریم نواز کے خوف میں مبتلا ہے۔ احتسابی ڈرامے نے نیب کو ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا فردوس عاشق کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کی سربراہی میں مریم نواز کے خلاف پٹیشن تیار کی گئی۔ شہزاد اکبر جمعہ کی رات کو لاہور آتے ہیں، اگلے دن مریم نواز کے خلاف پٹیشن دائر ہو جاتی ہے۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا عمران خان پاکستانی تاریخ کے بزدل ترین وزیراعظم ثابت ہوئے ہیں۔ اپنی کرسی بچانے کے لئے مخالفین کی بہو بیٹیوں کو دھمکانا شرمناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب گرفتاریوں اور جیلوں کی دھمکیوں سے حکومتیں مضبوط نہیں اپاہج ہو جاتی ہیں، مریم نواز دو مرتبہ جیل کاٹ آئی ہیں، آپ سے جیل میں دو راتیں بھی نہیں کاٹی جانی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ احتسابی ڈرامے نے نیب کو ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا، چیئرمین نیب کی ہواﺅں کا رخ تبدیل ہونے سے پہلے ان کو پرانی ویڈیو دکھا دی جاتی ہے۔ حکومت انھیں ویڈیو دکھا کر مسلسل بلیک میل کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے ہائیکورٹ تک ہر عدالت نے نیب کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے، حیرت ہے کسی جج نے چیئرمین نیب کو جھوٹے کیسز بنانے پر کبھی عدالت طلب نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب نے وزرائے اعظم، اپوزیشن لیڈران سے میڈیا ہاﺅسز کے مالکان تک جھوٹے کیسز بنائے، ہر کیس میں نیب کو تاریخی ذلت اور بدنامی کا سامنا کرنا پڑا۔


ای پیپر