Implement smart lockdown in different areas of Punjab including Lahore
کیپشن:   فائل فوٹو
14 مارچ 2021 (12:22) 2021-03-14

لاہور: حکومت نے عالمی وبا کے بڑھتے کیسز کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متحرک ہو چکی ہیں۔

تفصیل کے مطابق ملک میں کورونا کی تیسری لہرسنگین ہونے لگی ہے۔ مثبت کیسز کی شرح ساڑھے چھ فیصد سے تجاوز جبکہ 24 گھنٹے میں مزید 2 ہزار 664 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

صورتحال کے پیش نظر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

متعدد علاقوں میں قائم اتوار بازار بھی بند کر دئیے گئے ہیں، اشیائے ضررورت کی خریداری کیلئے ماڈل بازار کھلے رہیں گے، ایس او پیز عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔

لاہور کے علاقے گوالمنڈی کی سوہنی سٹریٹ بند کر دی گئی، علاقہ مکین کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی شکایات کرنے لگے ہیں۔

اس کے علاوہ شادمان، گلشن راوی، بیگم کوٹ شاہدرہ، رائیونڈ، واہگہ جلو موڑ اور چائنہ سکیم میں اتوار بازار بند کر دئیے گئے، تاہم ماڈل بازار کھلے رہیں گے، جن میں ٹاؤن شپ،وحدت کالونی، میاں پلازہ جوہر ٹاؤن، چوہنگ ، ٹھوکر نیاز بیگ ، شیر شاہ کالونی ،گلشن راوی ،ہربنس پورہ کے ماڈل بازار شامل ہیں۔

پنجاب کے دیگر علاقوں گجرات، ہارون آباد، سانگلہ ہل، تاندلیانوالہ، سرگودھا،اٹک،ڈیرہ غازی خان، میر پور آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں مارکیٹیں چھ بجے بند کر دی جائیں گی۔

میڈیکل ، کریانہ، بیکرزاور دیگر اشیائے ضرورت کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ تعلیمی ادارے، میرج ہال اور ریسٹورنٹ بھی بند رہیں گے۔


ای پیپر