PML-N exposed by allegations against national institutions: Firdous Ashiq Awan
کیپشن:   فائل فوٹو
14 مارچ 2021 (11:58) 2021-03-14

لاہور: معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک بار پھر اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف اپنے فائدے کیلئے مسلم لیگ (ن) قومی اداروں پر بھونڈے قسم کے الزام لگا رہی ہے۔

یہ بات فردوس عاشق اعوان کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اداروں پر الزام تراشیاں مسلم لیگ (ن) کی ذہنی پستی کو ظاہر کرتی ہیں۔

معاون خصوصی نے اپنے بیان میں کہا کہ بے شرمی اور گھٹیا سوچ کے اعلیٰ درجے پر فائز (ن) لیگ وقتی فائدے کیلئے اداروں کو بھونڈے الزامات کی زد میں لا کر کسی طور ملکی خدمت نہیں کر رہی۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بے بنیاد الزامات سے پاکستان اور ملکی اداروں کی عزت میں تو کمی نہ آئے گی البتہ جاوید لطیف اور ان جیسے دیگر درباری خوشامدی ضرور بے نقاب ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ سزا یافتہ جعلی راجکماری کو ملکی سالمیت کے مقابل لاکھڑا کرنا جاوید لطیف اور (ن) لیگ کی ذہنی پستی کا عکاس ہے۔ ریکارڈ کی درستگی کیلئے مشرقی پاکستان کی بات کرنے والی (ن) لیگ اس سانحے کا ذمہ دار ذوالفقار بھٹو جبکہ بے نظیر کی شہادت کا ذمہ دار زرداری کو ٹھہراتی آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئینی اور قانونی معاملات کو سیاسی رنگ دینا (ن) لیگ کا وطیرہ ہے۔ جعلی راجکماری نے کرپٹ ظل سبحانی کی جھوٹی بیماری پر لی گئی ضمانت کی آڑ میں ریاست مخالف سرگرمیاں شروع کر دیں۔ کرپٹ لیگ کان کھول کر سن لے، آئینی و قانونی معاملات کو آئینی دائرے میں رہتے ہوئے منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹی راجکماری کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب نے عدالت سے رجوع کیا۔ جو خالصتاً قانونی عمل ہے۔ اس پر ن لیگی درباریوں اور کنیزوں کا واویلا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ادارے آزاد ہیں اور آئین و قانون کے مطابق کام کر رہے ہیں۔


ای پیپر