کراچی کنگز اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی
14 مارچ 2020 (23:42) 2020-03-14

 پاکستان سپر لیگ فائیو میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز میچ میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے آوٹ کر دیا۔ ملتان سلطانز کے بعد کراچی   کنگز   سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔ 

پی ایس ایل فائیو کے اہم ترین میچ میں  کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بہت مفید ثابت ہوا۔  اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے اننگز کا آغاز رضوان حسین اور انگلش بلے باز  فل سالٹ نے کیا۔ حسین طلعت 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، دیگر بیٹسمینں میں رضوان حسین 17، سالٹ 25، شاداب خان 12، کولن انگرام 14، آصف علی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔فہیم اشرف نے 12 جبکہ ظفر گوہر نے 13 رناز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔اسلام آباد کی پوری ٹیم صرف 136 رنز بنا سکی۔  کراچی کی طرف سے عمید آصف، کرس جورڈن، عماد وسیم، ارشد اقبال، افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا۔  کراچی کنگز کے شرجیل خان نے شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور حریف باؤلرز کی خوب دھلائی کی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلی کامیابی 5 ویں اوورز کی آخری گیند پر ملی جب شرجیل خان 60 سکور کے مجموعی سکور پر 14 گیندوں پر 37 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے اپنی اس اننگز میں 3 چوکے اور چار چھکے لگائے۔بابر اعظم نے 20 گیندوں پر 19 سکور کی باری کھیلی اور محمد موسیٰ خان کی گیند بولڈ ہو گئے۔

کراچی کنگز کی تیسری وکٹ ڈیلپورٹ کی گری، بائیں ہاتھ کے بیٹسمین 24 گیندوں پر 11 سکور بنا کر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ عماد وسیم 34 گیندوں پر 26 رنز بنا کر چلتے بنے۔ افتخار احمد کی باری ایک سکور تک محدود رہی۔عمید آصف نے 13 جبکہ جورڈن نے 6 سکور کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، کراچی کنگز کی ٹیم نے ہدف آخری اوورز میں حاصل کر لیا۔ شاداب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ رومان رئیس، عاکف جاوید، ظفر گوہر اور محمد موسیٰ نے ایک ایک شکار کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ: رضوان حسین، سالٹ، حسین طلعت، کولن انگرام، فہیم اشرف، محمد موسیٰ، شاداب خان (کپتان) ، رومان رئیس، ظفر گوہر اور عاکف جاوید

کراچی کنگز سکواڈ: عماد وسیم (کپتان)، بابر اعظم، شرجیل خان، کیمرون ڈیلپورٹ، چیڈوک والٹن، اسامہ میر، محمد عامر، عمید آصف، کرس جورڈن، افتخار احمد، ارشد اقبال


ای پیپر