ملک کے 5 ایئر پورٹس غیر ملکی پروازوں کیلئے بند
14 مارچ 2020 (15:16) 2020-03-14

اسلام آباد: ملک کے 5ایئر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا، مذکورہ ایئرپورٹس کی تمام شیڈیولڈ غیر ملکی فلائٹس سمیت اگلے چند روز تک تمام بین الاقوامی فلائٹس صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔

                                                                                                                                   

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے 5 ایئر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کرنے کا نوٹس ٹو ایئر مین جاری کردیا ہے۔جس کے مطابق سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ اور پشاور ایئر پورٹ سے عالمی پروازوں کی آمد و رفت بند کردی گئی ہے تاہم ان ایئر پورٹس سے اندرون ملک کی پروازیں جاری ہیں۔ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ ایئر پورٹس پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو لاہور اور اسلام آباد اتارا گیا ہے۔

ان پروازوں کے مسافروں کو ان کے مطلوبہ شہروں تک بھیجنے کے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔نوٹم کے مطابق پشاور ایئر پورٹ آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ ایئر پورٹ پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کروایا جائے گا۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر اترنے والی پروازوں میں دبئی اور شارجہ کی پرواز پی اے 611، پی اے 613، جدہ اور مسقط سے آنے والی پروازیں شامل ہیں جنہیں پشاور ایئر پورٹ پر اترنا تھا۔


ای پیپر