فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

بھارت کیخلاف سرجیکل سٹرائیک، ڈی جی آئی ایس پی آر کا عثمان خواجہ کیلئے اہم پیغام
14 مارچ 2019 (13:28) 2019-03-14

راولپنڈی: پاکستانی نژاد آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے بھارتی ٹیم پر ایک اور سرجیکل سٹرائیک کی اور اپنی ٹیم کو پانچ ون میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں سنچری سکور کرکے سیریز میں کامیابی دلادی اور تمام پاکستانیوں کو خوش کردیا۔

عثمان خواجہ کی شاندار کارکردگی پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی چپ نہ رہ سکے اور بھارتیوں کو آگ لگانے کیلئے پاکستانی نژاد بیٹسمین کو شاباش دیدی۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ’ عثمان خواجہ شاباش آپ کی اچھے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ بنائی سنچری جیت کی وجہ بنی‘۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کی بھارت کے ساتھ 5 میچوں کی سیریز چل رہی تھی جس میں ایک میچ میں بھارتی کھلاڑی بھارتی فوج کی ٹوپیاں پہن کر کھیلنے کے لیے میدان میں اترے تھے، اس میچ میں پاکستان نژاد آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ نے 104 رنز بنائے تھے اور بھارت وہ میچ 32 رنز سے ہار گیا تھا تب بھی ڈی جی آئی ایس پی آر نے کھلاڑی کو مبارک باد دی تھی، گزشتہ روز آخری اور فیصلہ کن میچ میں بھی عثمان خواجہ نے بہترین سٹرائیک ریٹ کے ساتھ سنچری بنائی اور آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

عثمان خواجہ اسلام آباد میں پیدا ہوئے اور پھر اپنے والدین کے ساتھ آسٹریلیا چلے گئے وہ ایک کمرشل پائلٹ بھی ہیں اور آسٹریلیا کی قومی ٹیم کا حصہ بھی ہیں۔ عثمان خواجہ نے بھارت کو ہرا کر پاکستانیوں کو خوش کر دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایک ہفتے میں دو بار ٹویٹ کر کے عثمان خواجہ کو مبارک باد اور شاباش دی۔ آسٹریلیا نے بھارت کے ساتھ پانچ میچوں کی سیریز میں 3-2 سے کامیابی حاصل کی اور تینوں میچوں میں عثمان خواجہ نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ عثمان خواجہ کو میچ میں بہترین کھیل پیش کرنے کی وجہ سے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


ای پیپر