فوٹو بشکریہ فیس بک

پاکستان تحریک انصاف نے شیخ رشید کی حمایت سے انکار کر دیا
14 مارچ 2019 (09:44) 2019-03-14

اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان کے فیض آباد دھرنے کی حمایت کرنے پر پاکستان تحریک انصاف نے وزیر ریلوے شیخ رشید کی حمایت سے انکار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے میں شامل آئی ایس آئی کی رپورٹ میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا نام آنے پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ان کا دفاع کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید ہمارے اتحادی ضرور ہیں، تاہم ان کے اپنے نظریات ہیں۔

فیض آباد دھرنا کیس میں وضاحت پیش کرنے سے متعلق سوال پر شفقت محمود نے کہا کہ اگر شیخ رشید کے نظریات ہماری طرح کے ہوتے تو وہ پی ٹی آئی میں شامل ہو جاتے لیکن وہ ہمارے حلیف ہیں اور انتخابات میں ہم نے ان کی حمایت کی تھی۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشید کو بہت سارے معاملات میں ہم سے اختلاف بھی ہیں اور وہ اس کا ٹی وی پر کھل کر اظہار بھی کرتے ہیں۔ وہ اپنی جماعت کے لیڈر ہیں اور ان سے یہ سوال ضرور کیا جائے۔

یاد رہے کہ فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی آئی ایس آئی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ فیض آباد دھرنے کی حمایت کرنے والوں میں شیخ رشید بھی شامل ہیں۔


ای پیپر