ڈپٹی اسپیکر نے احسن اقبال اور حنا ربانی کھرکو ڈانٹ پلادی
14 جون 2019 (20:49) 2019-06-14

اسلام آباد:قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے احسن اقبال اور حنا ربانی کھرکو ویڈیو بنانے پر ڈانٹ پلادی اور موبائل ضبط کرنے کی دھمکی دی، قاسم سوری نے کہا کہ ایوان میں موبائل سے ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں، احسن اقبال صاحب اپنے موبائل سے ویڈیو ڈیلیٹ کریں آئندہ کسی نے ایوان میں موبائل سے ویڈیو بنائی تو اس کا موبائل ضبط کرلیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بجٹ پر عام بحث کا آغاز کیا۔ شہباز شریف کی تقریر کے دوران حکومتی ارکان اور وزراء اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کرتے رہے، اس دوران لیگی رکن احسن اقبال اور پیپلز پارٹی کی رکن حنا ربانی کھر اپنے موبائل سے وزراء اور حکومتی ارکان کے احتجاج کی ویڈیو بناتے رہے۔

  ڈپٹی سپیکر نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ان کا موبائل ضبط کرنے کی ہدایت کی، جس پر دونوں ارکان نے ویڈیو بنانا بند کر دی، ڈپٹی سپیکر نے رولنگ دی کہ آئندہ ایوان میں ویڈیو بنائی گئی تو متعلقہ رکن کا موبائل ضبط کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر حکومتی ارکان نے مطالبہ کیا کہ ویڈیو بنانے والے ارکان کو ایوان سے باہر نکالا جائے۔


ای پیپر