فوٹو/ فیس بُک

آصف زرداری کا وزیراعظم عمران خان کو مستعفی ہونے کا مشورہ
14 جون 2019 (15:18) 2019-06-14

اسلام آباد: احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ کل نیب نے میرا روٹین کا چیک اپ کرایا جب ہم اپنی دنیا میں ہوتے ہیں تو اپنا خیال نہیں رکھتے۔

کمیشن سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر 1947 سے کمیشن نہیں بنانا چاہتے تو پچھلے 20 سال کا تو بنائیں۔ وہ اگر بہت پرانوں کی پگڑیاں نہیں اچھالنا چاہتے تو مشرف کے دور سے تو کریں۔

ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بجٹ کی منظوری کا انحصار اختر مینگل پر ہے کہ وہ کدھر بیٹھتے ہیں۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کیسے کہا ملک مستحکم ہو گیا۔ کیا لوگوں کی تنخواہیں بڑھ گئی ہیں، تاہم میرے دور میں تو سب کی تنخواہیں بڑھتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کچھ بھی کہتے رہتے ہیں اور انہوں نے تو پہلے کہا تھا کہ خود کو گولی مار لوں گا لیکن سیاست میں نہیں جاؤں گا۔ پھر کہا خودکشی کر لوں گا مگر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا۔

آصف زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اگر میرا مشورہ مانیں تو استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔


ای پیپر