فوٹو بشکریہ فیس بک

اعلیٰ عدلیہ کے ججز کیخلاف ریفرنسز، سماعت سہ پہر 2 بجے ہوگی
14 جون 2019 (12:05) 2019-06-14

اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل میں ججز کے خلاف صدارتی ریفرنسز پر سماعت سہ پہر 2 بجے ہوگی۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ بطور چیئرمین کونسل اجلاس کی صدارت کریں گے۔ جسٹس گلزار احمد اور جسٹس عظمت سعید کونسل کا حصہ ہوں گے جبکہ کونسل کے دیگر ارکان میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ شامل ہیں۔ معاملے پر وکلا دو گروپوں میں تقسیم ہوگئے۔ سپریم کورٹ میں مختلف بارز کی جانب سے احتجاجی بینرز لگا دیئے گئے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن امان اللہ کنرانی نے کہا پورے ملک میں عدالتیں بند ہیں۔ امید ہے سپریم جوڈیشل کونسل آئین و قانون کے مطابق ریفرنس کو واپس کر دے گی۔

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی وکلاء نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔ کراچی سٹی کورٹ میں وکلاء کے ایک دھڑے نے گیٹ کو تالے لگائے تو وکلا ایکشن کمیٹی نے تالے توڑ دیئے۔

لاہور ہائیکورٹ میں آج معمول کے مطابق کام جاری ہے اور وکلا مختلف عدالتوں میں پیش بھی ہوئے۔


ای پیپر