ذخیرہ اندوزوں کیخلاف وزیر اعظم عمران خان کا اہم اعلان
14 جولائی 2020 (20:42) 2020-07-14

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ملک بھر میں گندم اور آٹے کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے اور قیمتوں کو یکساں سطح پر لانے کے لئے جہاں بین الصوبائی کورارڈینیشن کو مزید بہتر کیا جائے وہاں جامع اور منظم انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور چیف سیکرٹری بلوچستان گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام کو مکمل طور پر یقینی بنائیں ، چیف سیکرٹری سندھ گذشتہ سال کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ سندھ میں گندم کی ریلیز کی پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے ۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ مستقبل میں گندم اور آٹے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے گند م کی درآمد کے فیصلے پر عمل درآمد کے حوالے سے منصوبہ بندی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھی جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔

منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان کے زیرصدارت ملک بھر میں عوام الناس کو گندم اور آٹا کی مناسب قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے اور قیمتوں پر قابو رکھنے کے حوالے سے اجلاس ہو اجس میں وفاقی وزرا حماد اظہر، سید فخر امام، مشیران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے جبکہ صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں چینی کی مناسب نرخوں پر دستیابی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیاگیا ۔چیف سیکرٹری پنجاب اور خیبر پختونخوا کی جانب سے گندم کی صورتحال اور گندم اور آٹے کی قیمتوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ کہ صوبہ پنجاب کے تمام شہروں میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے پر فراہم کیا جا رہا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ گندم کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے اٹھارہ ہزار ٹن گندم روزانہ کی بنیاد پر ریلیز کی جا رہی ہے۔ صوبہ خیبر پختونخواہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تقریبا بیس فیصد آٹا خیبر پختونخواہ کو بھجوایا جا رہاہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبے میں چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملک بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کریک ڈائون کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ اور چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت کی کہ گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں گندم اور آٹے کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے اور قیمتوں کو یکساں سطح پر لانے کے لئے جہاں بین الصوبائی کورارڈینیشن کو مزید بہتر کیا جائے وہاں جامع اور منظم انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت کی کہ گذشتہ سال کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ سندھ میں گندم کی ریلیز کی پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے ۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ مستقبل میں گندم اور آٹے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے گند م کی درآمد کے فیصلے پر عمل درآمد کے حوالے سے منصوبہ بندی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی کہ ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھی جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔


ای پیپر