Source : Yahoo

نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں محمد حفیظ کو بری خبر ملنے کا امکان
14 جولائی 2018 (18:44) 2018-07-14

کراچی:پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فہرست میں اوپنر احمد شہزاد، مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل ، وکٹ کیپر کامران اکمل اور ٹیسٹ بیٹسمین فواد عالم کے نام شامل نہیں ہیں۔

احمد شہزاد کو ممنوعہ شے استعمال کرنے کے الزام میں معطلی کا سامنا ہے۔عمر اکمل نے میچ فکسنگ کے انکشافات کئے تھے جس پر انہیں بھی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں ابتدا میں25 کرکٹرز کو شامل کیا جارہا تھا لیکن اب 31 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کی تجویز ہے۔ سرفراز احمد کے ساتھ دوسرے وکٹ کیپر محمد رضوان ہوں گے جبکہ کراچی کے وکٹ کیپر محمد حسن کو بھی کنٹریکٹ نہیں ملے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کا ستارہ بدستور گردش میں ہے۔ مسلسل خراب کارکردگی کی وجہ سے وہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی گڈ بکس میں نہیں رہے۔ ون ڈے سیریز میں بھی انہیں ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ میں محمد حفیظ کو اے سے بی کٹیگری میں کردیا جائے گا۔

عمر امین بھی جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔ مکی آرتھر، انضمام الحق، ہارون رشید اور مدثر نذر پر مشتمل کمیٹی نے چند ہفتے پہلے جس 25 کھلاڑی کی فہرست کو حتمی شکل دی تھی،اب اس میں عثمان شنواری، شان مسعود، شاہین شاہ آفریدی ، سعد علی، میر حمزہ کو شامل کیا جارہا ہے۔


ای پیپر