تیسرا ٹی 20، ڈیوڈ ملر کی دھواں دار بلے بازی، پروٹیز کا پاکستان کو جیت کیلئے 165 رنز کا ہدف
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
14 فروری 2021 (18:43) 2021-02-14

لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پروٹیز نے ڈیوڈ ملر کے عمدہ اور جارحانہ 85 رنز کی بدولت گرین شرٹس کو جیت کیلئے 165 رنز کا ہدف دیدیا ہے، ڈیوڈ ملر نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 45 گیندوں پر 85 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ 

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو محض 10 کے مجموعی سکور پر ریزا ہینڈرکس محمد نواز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ 24 کے مجموعی سکور پر محمد نواز نے قومی ٹیم کو دوسری کامیابی دلاتے ہوئے جے سمٹس کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی جنہوں نے صرف ایک سکور بنایا۔  جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ 41 کے مجموعی سکور پر گری اور گزشتہ میچ میں جارحانہ اننگز کھیلنے والے پیٹے وین بلیون 16 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

کپتان ہینرچ کلاسن کھاتہ کھولنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے اور مجموعی سکور میں پانچ رنز کے اضافے کے بعد زاہد محمود کی گیند پر عثمان قادر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ 48 کے مجموعی سکور پر  اینڈیل فیلوک وائیو بھی کھاتہ کھولےبغیر ہی عثمان قادر کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ٹی 20 ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود کے کاری وار کا سلسلہ جاری رہا جنہوں نے 65 کے مجموعی سکور پر ڈوین پریٹوریس کو بھی کلین بولڈ کر دیا، وہ صرف نو رنز بنا سکے۔

بورن فورچوئن اور ڈیوڈ ملر نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 41 رنز جوڑ کر ٹیم کے مجموعی سکور کو 106 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر فورچوئن بھی ہمت ہار بیٹھے اور 10 کے انفرادی سکور پر حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔  ایک جانب جنوبی افریقہ کی وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری جانب ڈیوڈ ملر کچھ اور ہی موڈ میں نظر آ رہے تھے جنہوں نے تن تنہا پاکستانی بائولرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 45 گیندوں پر سات چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 85 رنز بنائے اور حریف ٹیم کو اچھا ہدف دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود نے انتہائی عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد نواز اور حسن علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں اور عثمان قادر ایک کھلاڑی کو آئوٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ 

واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، حیدر علی، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف، محمد نواز، حسن علی، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی اور زاہد محمود شامل ہیں۔ 

جنوبی افریقہ کی قیادت ہینرچ کلاسن کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جانیمن ملان، ریزا ہینڈرکس، جے سمٹس، پیٹے وین بلیون، ڈیوڈ ملر، اینڈیل فیلوک وائیو، بورن فورچوئن، ڈوین پریٹوریس، لوتھو سیپاملا اور تبریز شمسی شامل ہیں۔ 


ای پیپر