Engin Altan Düzyatan,Ertugrul,fraud,Pakistani,kashif
14 دسمبر 2020 (22:57) 2020-12-14

لاہور :ارطغرل کے کردار سے دنیا بھر میں اپنی شناخت بنانے والے انگین التان کو پاکستانی نو سر باز نے 5 لاکھ ڈالر کا چونا لگا دیا۔

تفصیلات کے مطابق انگین التان گزشتہ دنوں پاکستان کے دورہ پر تھے جہاں انہیں ایک نجی کمپنی کی طرف سے برانڈ ایمبیسیڈر بنانے کیلئے بلایا گیا تھا جس کیلئے ان سے دس لاکھ ڈالر کی معاہدہ کیا گیا تھا۔ انہیں ایڈوانس میں پانچ لاکھ ڈالر ادا کر دئیے گئے جس کے بعد انہوں نے پاکستان آنے کا اعلان کیا اور باقی رقم پاکستان میں آنے پر  دینے کا وعدہ کیا گیا۔

انگین التان کے ساتھ یہ سارا معاہدہ سیالکوٹ کے ایک نوسرباز کاشف نے کیا جو ان دنوں ایک سوشل میڈیا ایپ پر سونے کی موٹی موٹی چینیں پہن کر ویڈیو بنانے کی وجہ سے خبروں میں آچکا ہے۔اس نے اینگن التان کو کہا کہ پارٹی کی طرف سے پانچ لاکھ ڈالر کا چیک آچکا ہے ۔ آپ ترکی پہنچیں تو چند دنوں میں آپ کو پیسے مل جائیں گے لیکن جب انگین التان نے ترکی جاکر رابطہ کیا تو کاشف کی طرف سے کوئی جواب نہ ملا۔

جب ترک اداکار کی طرف سے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ کاشف سیالکوٹ کا نوسر باز ہے اور اس کیخلاف اس سے قبل بھی فراڈ کی بہت سے ایف آئی آر درج ہیں۔

یاد رہے کہ انگین التان کے دورہ لاہور کے موقع پر یہی کاشف ان کے ساتھ ہر جگہ موجود رہا اور وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت اہم ملاقاتوں میں شامل رہا لیکن اس موقع پر کسی کو یہ معلوم نہ ہو سکا کہ یہ ریکارڈ یافتہ نوسر باز ہے اور اس کی وجہ سے پاکستان کی دنیا بھر میں کتنی سبکی ہونے والی ہے۔


ای پیپر