Usefulness, maritime sector, development, Imran Khan, Naval Headquarters
14 دسمبر 2020 (15:59) 2020-12-14

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی ترقی میں میری ٹائم سیکٹر کی افادیت کے پیش نظر اس شعبے کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں، رواں سال کو بلیو اکانومی کا سال قرار دینا حکومتی اقدامات کا عکاس ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تو نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے وزیراعظم کا استقبال کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ عمران خان کی نیول ہیڈکوارٹرز میں یادگار شہدا پر حاضری، پھول بھی چڑھائے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کو میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال اور چیلنجز پر بریفنگ بھی دی گئی، وزیراعظم کو میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کیلئے اقدامات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر پاک بحریہ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ گوادر بندگاہ سمیت سی پیک کی سیکیورٹی کیلئے بھی پاک بحریہ کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ حکومت پاک بحریہ کو تعاون فراہم کر رہی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو حکومتی پالیسی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو متحرک ہونے کی ہدایت بھی کر دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ این آر او کیلئے پی ڈی ایم رہنماؤں نے کل جلسہ کیا ، یہ لوگ جتنے مرضی جلسے کرلیں این آر او نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل کے جلسے میں پی ڈی ایم کا بیانیہ اپنی موت آپ مر گیا۔

پی ڈی ایم نے جلسہ کرکے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا ، پی ڈی ایم نے جلسہ کے ذریعے بلیک میل کرنے کی کوشش کی ہر فورم پر اپوزیشن کو جواب دیں گے۔


ای پیپر