Solve, problems, journalists, Chief Minister Punjab, Usman Buzdar
14 دسمبر 2020 (13:36) 2020-12-14

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ آج صحافی کالونی آکر انتہائی خوشی ہوئی ، صحافیوں کی طرح یہ میرا بھی گھر ہے، صحافیوں کے مسائل کو جلد از جلد حل کریں گے ، صحافیوں کی فیز ٹو کی ڈیمانڈ ہے اسے بھی جلد حل کریں گے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ کوریج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سال پنجاب کا 50 فیصد حصہ ہیلتھ کوریج میں شامل ہوگا، انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کے آخر تک پورے پنجاب کو ہیلتھ کوریج میں شامل کیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی طرح پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کی تکمیل میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ جتنے منصوبوں بارے بتایا گیا وہ زبانی کلامی نہیں ، جلد عوام انہیں منظر عام پر دیکھیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کل شہریوں نے پی ڈی ایم کے جلسے کو مسترد کرتے ہوئے بھرپور تدبر کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے اپوزیشن رہنماوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کل پی ڈی ایم والوں نے غیر اخلاقی اور غیر ذمہ دارانہ حرکت کی ، عثمان بزدار نے کہا کہ سب کو علم ہے کہ عالمی وبا سے اموات ہو رہی ہیں اس کے باوجود وہ اپنے مفادات کے لیے عوام کو وبا کی بھینٹ چڑھا رہی ہے۔

یاد رہے کہ کل پی ڈی ایم نے لاہور میں جلسہ کیا جس میں کارکنوں کی اتنی تعداد نہیں تھی جتنی مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان توقع کر رہے تھے۔

جلسے میں کارکنوں کی عدم شرکت پر حکومتی وزرا نے اپوزیشن پر خوب تنقید کی اور کہا کہ عوام نے کرپٹ ٹولے کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔


ای پیپر