PML-N Gulf, PDM, Long March, Islamabad, Maryam Nawaz, Bilawal Bhutto
14 دسمبر 2020 (09:19) 2020-12-14

دبئی: پاکستان مسلم لیگ ن گلف نے لانگ مارچ میں پی ڈی ایم کے ساتھ شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مسلم لیگ گلف ریجن چودھری احسان الحق باجوہ نے دوبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ گلف کی شرکت سے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کو کامیاب بنائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو نے اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔ دونوں رہنماوں نے کہا تھا کہ جنوری کے آخر یا فروری کے شروع میں لانگ مارچ کریں گے اور پارلیمنٹ سے استعفے ساتھ لیکر اسلام آباد جائیں گے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ دھاندلی سے آئی ہوئی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے ، طاقت عوام کی ہو گی ، دھاندلی کا نظام نہیں چلے گا، عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے تو قومی یکجہتی برقرار نہیں رہ سکتی۔ حکومت کو ہٹانے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

ادھر بلاول بھٹو نے کہا کہ مذاکرات کا وقت ختم ہو چکا ہے ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، رابطہ کرنا بند کریں، پی ڈی ایم میں کوئی دراڑ پیدا نہیں ہو گا، ہم اسلام آباد آرہے ہیں۔ اسلام آباد پہنچ کر جعلی نالائق وزیراعظم کا استعفے چھین کر رہیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جعلی ، ناجائز اور نااہل حکمرانوں کے دامن میں جھوٹ کے سوا کچھ نہیں ، یہ ووٹ سے نہیں کسی اور کے اشارے سے اقتدار میں آئے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ آٹا اور چینی چور حکومت میں غریب کا چولہا بند ہے، جعلی حکمران عوام کا درد محسوس نہیں کرتے ، ملک میں تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ جو کہتا تھا بھیک نہیں مانگوں گا، دنیا نے دیکھا قرضوں کے نئے ریکارڈ بنا دیئے، کہتا ہے پارلیمنٹ میں بیٹھ کر پی ڈی ایم میں مذاکرات کروں گا۔


ای پیپر