حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں: فیاض الحسن
14 دسمبر 2019 (21:10) 2019-12-14

لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی سے متعلق پوری قوم کرب میں ہے، جب نواز شریف کو عدالت میں رپورٹ جمع کرانی ہوتی ہے تو ہسپتالوں کے دورے کرتے ہیں لیکن بعد میں دیکھیں تو وہ برگر کھاتے نظر آتے ہیں اور لندن کی سیر کی جا رہی ہوتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہنر مند جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمت کے مواقع فراہم ہوں گے اور فنی تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو سی پیک منصوبوں میں روزگار ملے گا، ہنر مند نوجوانوں کی وجہ سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ والوں کو وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی ہضم نہیں ہوتی، سابق وزیراعظم نے نوجوانوں کے پروگرام میں اپنی بیٹی کو چیئرمین لگایا لکین وزیراعظم عمران خان کا وژن اقرباء پروری سے پاک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی تھی کہ لاہور واقعہ کی تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے جائیں، اب لاہور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے جبکہ صوبائی وزیر صحت نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو امدادی چیک تقسیم کئے ہیں اور سانحہ لاہور میں توڑ پھوڑ کا شکار گاڑیوں کو معاوضہ بھی دیا گیا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کے تحفظ کے لئے بل پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ حسان نیازی، حفیظ اللہ نیازی کے بیٹے ہیں اور حفیظ اللہ نیازی (ن) لیگ کے سپورٹر ہیں اور حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، نئے پاکستان میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور تحریک انصاف کا واضح موقف ہے کہ حسان نیازی کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


ای پیپر