Source : Facebook

سعودی عرب بہت جلد پاکستان کیلئے تاریخی سرمایہ کاری کرنے جا رہا ہے :اسد عمر
14 دسمبر 2018 (21:55) 2018-12-14

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے عوام کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سرمایہ کاری سعودی عرب سے ہونے جا رہی ہے ،ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے یہ پاکستان کیلئے تاریخی سرمایہ کاری ہو گی ۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پیغاما ت آ رہے ہیں جلدی کریں ،ہم کابینہ سے مشورہ لینے کے بعد آئندہ ہفتے اس پر اعلان کرینگے ،ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرہ میں انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کے عوام کرپٹ لوگوں کا احتساب چاہتے ہیں ۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جب بھی عوام سے ملتا ہوں تو وہ پوچھتے ہیں کہ چوروں کو جیل میں کب ڈالیں گے،انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ کرپشن کے خاتمے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، ملک میں انصاف کا تقاضہ یہ ہے کہ جیب کاٹنے والے کو جیل ہو تو ملک لوٹنے والے کو بھی ہو۔وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ مجھے اس سے کوئی سروکار نہیں کہ کون سا افسر کس کے قریب ہے، مجھے کام کرنے والے کی قدر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جب میں زیادہ پڑھے لکھے لوگوں کے ساتھ بات کرتا ہوں تو یہ کہتے عمران خان کو سمجھائیں کرپشن، کرپشن کی باتوں سے آگے بڑھیں جبکہ عوام کہتے ہیں کہ چوروں کو کب بند کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ایکسینج ریٹ کو جب مصنوعی طور پر برقرار رکھتے ہیں تو اس کے نتیجے میں برآمدات کم اور درآمدات زیادہ ہوتی ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوتے ہیں۔


ای پیپر