ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے : وزیر اعظم
14 اگست 2020 (16:14) 2020-08-14

 اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی کے موقع پر علامہ اقبال کا شعر ٹوئٹ کرکے نوجوانوں کیلئے پیغام میں کہا ہے کہ  آج کے نوجوانوں کیلئے بھی یہ ایک انمول سبق ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علامہ اقبال کا شعر ٹوئٹ کردیا اور کہا نوجوانون کیلئے دھرنے کے وقت بھی یہی پیغام تھا آج بھی یہی پیغام ہے ، آج کے نوجوانوں کیلئے بھی یہ ایک انمول سبق ہے۔ سبق پھر پڑھ صداقت کا ،عدالت کا ،شجاعت کا  ،لیاجائیگا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا۔قوم کو 73ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتاہوں ، ہمارا سفر قائد اعظم کے پاکستان کی طرف شروع ہوگیا ہے، قانون کے سامنے سب برابر ہیں۔

مزید برآں  یوم آزادی پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کے لیے عہد کرنے اور  وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، قوم کے بیٹوں نے اس دھرتی اور اس کے نظریے کے دفاع کے لیے قربانیاں دیں۔ گزشتہ 70 سال میں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا رہا، ہم نے اندرونی اور بیرونی محاذوں پر جنگ لڑی، ہماری قوم نے ہمسایہ ملک کی دشمنی، دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا، قدرتی آفات، وبائی امراض کا بھی ہماری قوم نے ہمیشہ استقامت سے مقابلہ کیا ہم آج عہد کرتے ہیں ثابت قدم رہیں گے۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم اتحاد ، ایمان اورتنظیم کی مشعل راہ سے ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، اس ملک میں ایسا نظام حکومت بنائیں گے جو آزادی کے نظریات اور مقاصد کے مطابق ہو، ایک ایسا نظام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی برقرار ہے، ہم نے ریاست مدینہ کو اپنا رول ماڈل منتخب کیا ہے۔آج یوم آزادی کے دن ہمارا دل بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائیوں کے دکھ میں غمزدہ ہے جہاں گزشتہ ایک سال سے فوجی محاصرے جاری ہے، ہم حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔


ای پیپر