فوٹوبشکریہ فیس بک

یوم آزادی: واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب، پاک رینجرز کا بھارتی فورسز کو مٹھائی کا تحفہ
14 اگست 2018 (16:01) 2018-08-14

لاہور: یوم آزادی کے موقع پر واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاکستان رینجرز نے بھارتی بارڈر فورسز کو مٹھائی کا تحفہ دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کا یوم آزادی ہر سال 14 اگست کو منایا جاتا ہے اور اسی کی مناسبت سے واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں شرکت کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد واہگہ پہنچی اور انتہائی جوش و جذبے سے یہ دن منایا۔

اس موقع پر سرحد پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بھی لہرایا گیا۔ تقریب کے دوران پاکستان رینجرز کی جانب سے بھارت کے سرحدی محافظوں کو مٹھائی پیش کی گئی۔

پاکستان 14 اگست 1947 کو دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا، جبکہ اس کے اگلے ہی روز بھارت کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا۔ 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی پاکستان رینجرز کو مٹھائی کا تحفہ دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے وفاق میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقاریب ہوئیں۔ مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض پاک آرمی نے سنبھال لیے۔ اس سے قبل یہ فرائض پنجاب رینجرز کے پاس تھے اس موقع پر رینجرز اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 


ای پیپر