Promise to build 5 million houses is now coming true, Fawad Chaudhry
کیپشن:   فائل فوٹو
14 اپریل 2021 (10:16) 2021-04-14

اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چودھری نے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ اب حقیقت میں ڈھل رہا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی مخالفین جن کو لگتا تھا یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ عمران خان پچاس لاکھ گھر کیسے بنا سکتے ہیں، اب شرمندہ ہیں، ترقی کا سفر جاری رہے گا، انشا اللہ

فواد چودھری کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ اسلام آباد اور لاہور کے بعد آج وزیر اعظم سرگودھا میں ہزاروں گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم تعمیراتی پیکج کے تحت بینک لاکھوں گھروں کی تعمیر کیلئے قرضہ دے رہے ہیں، سیمنٹ کی فروخت اس وقت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے اپوزیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم سے علیحدگی کے بعد حکومت مخالف بیانیہ اپنی موت آپ مر گیا ہے۔ اپوزیشن کو مشورہ ہے اب استعفوں اور احتجاج کے بیانیے سے باہر نکلیں اور اصلاحات کے ایجنڈے پر آئیں۔ ہم انتخابی عمل میں بہتری کیلئے تجاویز دے چکے ہیں اور آپ کی تجاویز کا انتظار کر رہے ہیں، آگے بڑھیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو روٹھے ہوئے محبوب کی طرح اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے واٹس ایپ گروپ سے نکال دیا گیا ہے۔ پہلے دن ہی پیشنگوئی کی تھی کہ اتحاد زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسی گاڑی تھی جس کا ڈرائیور کوئی اور تھا، بریک کسی اور کے پاس، انجن کسی اور کے کنٹرول میں تھا ایسا اتحاد کیسے چل سکتا تھا۔


ای پیپر