نیب نے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اکرام نوید کو گرفتار کرلیا
14 اپریل 2018 (13:06)


لاہور: نیب لاہور نے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سابق چیف فنانس آفیسر اکرام نوید کو 23 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا ، اکرام نوید کے غیر قانونی اقدام سے حکومتی خزانے کو23 کروڑ 20 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، ملزم نے دھوکہ دہی اور فراڈ سے نا صرف اپنے بلکہ دیگر عزیز و اقارب کے نام بھی متعدد جائیدادیں بنائیں۔


نیب لاہور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کرپشن کیس میں بڑی اور اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ جس کے نتیجے میں کمپنی کے سابق چیف فنانس آفیسر اکرام نوید کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران ملزم کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور ذرائع آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے ٹھوس شواہد حاصل ہوئے ہیں۔ ملزم نے دھوکہ دہی اور فراڈ سے نا صرف اپنے بلکہ دیگر عزیز و اقارب کے نام بھی متعدد جائیدادیں بنائیں۔


نیب لاہور نے کہا ہے کہ ملزم اکرام نوید کو پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی کے مالی معاملات کے حوالے سے ماہرانہ رائے فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، بطور سی ایف او کمپنی کے تمام مالی معاملات کا ریکارڈ اور اکانٹس کی تفصیلات کے علاوہ اندرونی مالی معاملات کی مکمل ذمہ داری بھی ملزم کی تھی، میسرز کاسمک کنسلٹنسی ایک جعلی فرم تھی جس کا کاغذوں کے علاوہ کوئی وجود نہیں تھا ملزم نے اختیارات کا ناجائز استعمال اور دھوکہ دہی سے میسرز کاسمک کنسلٹنسی کو جعلی ادائیگیاں کیں، ملزم اکرام نوید کے غیر قانونی اقدام حکومتی خزانے کو23 کروڑ 20 لاکھ روپے نقصان کے موجب بنے اور یہ رقوم اپنے عزیز کے اکا ئونٹ میں منتقل کیں۔


ای پیپر