قوم کو یقین دلاتاہوں ٗ ہماری بیٹیوں کو انصاف ملے گا : مودی
14 اپریل 2018 (12:58)


نئی دہلی:مقبوضہ کشمیر میں ننھی آصفہ کے بہیمانہ قتل اورزیادتی پر پورے بھارت میں شدید احتجاج کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے بھی خاموشی توڑ دی۔


بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے کہامیں قوم کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کوئی مجرم بچ نہیں پائے گا اور ہماری بیٹیوں کو انصاف ملے گا ،یہ ہمارے معاشرے کی ناکامی ہے اور مہذب ہونے کے دعویدار کسی بھی معاشرے کو یہ زیب نہیں دیتا،ہمیں اس پر شرمندگی ہے اور ہمیں بحیثیت ایک معاشرہ اس معاملے سے نمٹنا چاہیے۔


یاد رہےکہ رواں برس 18 جنوری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے کٹھوا میں ایک 8 سالہ بچی آصفہ کو اجتماعی زیادتی کے بعد بہیمانہ انداز میں قتل کردیا گیا تھا۔گذشتہ دنوں بھارتی عدالت میں پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ بکروال کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی مذکورہ بچی کو زیادتی زیادتی کے بعد قتل کیا گیا،یہ مسلم کمیونٹی کو علاقے سے نکالنے کی ایک سازش اور سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔


مذکورہ گرفتار افراد کی حمایت میں بی جے پی کے دو ارکان وزیر مملکت برائے جنگلات لال سنگھ اور وزیر کامرس اینڈ انڈسٹریز چندرپرکاش نے ایک ریلی بھی نکالی، لیکن بعدازاں انہیں استعفیٰ دینا پڑگیا۔اس واقعے پر بالی ووڈ نے بھی بھر پور احتجاج کیا اور اپنے دکھ کا اظہار کیا جبکہ یہ واقعہ دنیا بھر کے اخبارات کی شہ سرخیوں کا حصہ بھی بنا رہا۔


ای پیپر