Source : Yahoo

نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان آنے کی سزا مل گئی
13 ستمبر 2018 (23:50) 2018-09-13

نئی دہلی:انتہاپسند تنظیم بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے پاکستان کا دورہ کرنے والے کانگریسی رہنما اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف 20 سال پرانا کیس پھر سے کھول دیا۔بھارت اخبار کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے 1998میں ہونے والے ٹریفک حادثے میں ایک شخص کی ہلاکت سے متعلق کیس میں اپنے فیصلے پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 27دسمبر 1998 کو سدھو اور ان کے دوست روپیندر سنگھ ساندھو کی گاڑی کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔اس مقدمے میں سیشن کورٹ نے سدھو اور ان کے دوست کو 1999میں بری کیا، تاہم اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ہائی کورٹ نے بریت کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے 2006میں دونوں کو 3سال قید کی سزا سنائی، جس پر انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے رواں برس مئی میں ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے دونوں کو بری کردیا تھا۔تاہم اب ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والے شہری کے لواحقین کی درخواست پر سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کردیاہے۔واضح رہے نوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی۔


ای پیپر