پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کا اعلان 
13 ستمبر 2018 (12:24) 2018-09-13

لا ہو ر:پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنماوں کی شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر نماز جنازہ تک پیرول پر رہیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر)صفدر کی رہائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صرف کابینہ ہی پیرول کی معیاد 12 گھنٹے سے زائد بڑھا سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کی نمازجنازہ تک نوازشریف، مریم نوازاور کیپٹن (ر)صفدر پیرول پر رہیں گے،فیاض الحسن چوہان نے صوبائی حکومت کی صحت پالیسی کے حوالے سے کہا کہ انصاف ہیلتھ پروگرام کو پنجاب میں متعارف کرارہے ہیں جبکہ ہیلتھ کارڈ کا پروگرام خیبر پختونخوا( کے پی ) میں کامیاب رہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ میں ہرشخص کے لیے 5 لاکھ روپے تک کی حد مقررکی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سوچ کا پنجاب کے ہرشعبے میں عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔خیال رہے کہ پنجاب کے محکمہ داخلہ کی اجازت سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر)صفدر کو گزشتہ رات اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہا کیا گیا جس کے بعد وہ لاہور روانہ ہوگئے تھے،پنجاب حکومت کی جانب سے ابتدائی طور پر 12 گھنٹوں کی رہائی دی گئی تھی جو بعدازاں 3 روز کردی گئی تھی۔


ای پیپر