فوٹوبشکریہ فیس بک

گیارہ ہزار آٹھ سو تین پاکستانی مختلف ممالک کی جیلوں میں قید ہیں: وزارت داخلہ
13 ستمبر 2018 (11:46) 2018-09-13

لاہور: گیارہ ہزار آٹھ سو تین بے یار و مددگار پاکستانی مختلف ممالک کی جیلوں میں قید و بند صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔ نیو نیوز نے وزارت داخلہ کی رپورٹ حاصل کرلی۔

لاہور ہائیکورٹ میں بیرون ملک قید پاکستانیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں وزارت داخلہ نے بیرون ملک جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تفصیل عدالت میں جمع کرا دی۔

رپورٹ کے مطابق 8.8 ملین پاکستانی بیرون ملک مقیم ہیں۔ 87 ممالک میں 11803 پاکستانی قید و بند کی زندگی گزار رہے ہیں۔ سب سے زیادہ 2937 پاکستانی سعودی جیلوں میں قید ہیں۔

بھارت میں 10 ہزار پاکستانیوں میں سے 582 جیلوں میں بے یار و مددگار پڑے ہیں۔ افغانستان میں 177 اور ایران میں 186 ہم وطن پابند سلاسل ہیں۔ چین میں 242 اور سب سے کم صرف دو پاکستانی امریکی جیلوں میں قید ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانیوں کی رہائی کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں لیکن قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے کچھ وقت درکار ہے۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے وزارت خزانہ سے 35 ہزار ڈالر جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 


ای پیپر