فوٹوبشکریہ فیس بک

نواز شریف، مریم نے رہائی کی درخواست پر دستخط سے انکار کر دیا تھا: شہباز شریف
13 ستمبر 2018 (09:32) 2018-09-13

لندن: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم کے ساتھ ظلم کا ازالہ اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوان شہباز شریف بولے کہ کلثوم نواز نے حالات کا بڑی جرات کے ساتھ مقابلہ کیا، صدر ن لیگ نے پوری قوم سے کلثوم نواز کی مغفرت کی دعا کی درخواست بھی کی۔

صدر مسلم لیگ ن نے بتایا کہ نواز شریف اور مریم نے رہائی کی درخواست پر دستخط سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد پیرول پر رہائی کی درخواست پر دستخط میں نے کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی نے 109 پیشیاں بھگتیں لیکن نواز شریف پر احتساب عدالت میں کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔

بھابی کلثوم نواز کی میت لانے کیلئے شہباز شریف جب لندن پہنچے تو حسین نواز چچا سے گلے ملتے ہی آبدیدہ ہوگئے۔ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج ریجنٹ پارک پلازہ میں ادا کی جائے گی۔ جس میں حسن، حسین نواز ، شہباز شریف اور دیگر کارکنان شرکت کریں گے۔

میت پی آئی اے کی پرواز پی کے سات سو اٹھاون کے ذریعے جمعہ کے روز صبح چھ بجے پاکستان لائی جائے گی۔ میت کیساتھ مریم نواز کی بہن اسماء نواز اور لیگی رہنما اسحاق ڈار کے بیٹے بھی پاکستان آئیں گے۔ نیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں حسن نواز نے کہا ہے کہ ہم بھائیوں کا میت کے ساتھ واپسی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ جاتی امرا میں بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعہ کی شام 5 بجے شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی، پاکستان میں جنازے اور تدفین کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔

ایصال ثواب کیلئے رسم قل مورخہ 16 ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امراء میں ہوگی، ترجمان شریف خاندان نے تفصیلات سے آگاہ کر دیا۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 


ای پیپر