file photo

وزیراعلیٰ پنجاب کا موٹروے کیس پر کام کرنے والی پولیس ٹیم کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان
13 اکتوبر 2020 (13:50) 2020-10-13

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے موٹروے ریپ کیس پر کام کرنے والی پولیس ٹیم کیلئے 50 لاکھ کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم سمیت اس سے جڑے تمام لوگ پولیس نے گرفتار کر لئے ہیں۔ میں مرکزی ملزم کی گرفتاری پر پنجاب پولیس کو مبارکباد دیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور پولیس ٹیم کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ عدالت نے موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو شناخت پریڈ کے عمل کیلئے 14 روز جیل بھیج دیا ہے۔ ملزم کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ سی آئی اے ماڈل ٹاؤن کی ٹیم ایس پی عاصم افتخار کی سربراہی میں موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو لے کر عدالت پہنچی تھی۔ پولیس حکام نے نے کیس کی ابتدائی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی۔ بعد ازاں عدالت نے مختصر سماعت کے بعد ملزم عابد ملہی کو شناخت پریڈ کیلئے 14 روز کیلئے جیل بھیج دیا۔ ادھر دوسرے ملزم شفقت کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا جس کا عدالت نے 28 اکتوبر تک مزید جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم عابد ملہی نے پولیس کو دوران تفتیش بتایا ہے کہ وہ ایک ماہ تک پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے مختلف شہروں میں بھی گھومتا پھرتا رہا۔ ملزم نے واردات کی پوری کہانی پولیس کو بتائی اور کہا کہ میں 9 ستمبر کو دیگر ملزمان بالا مستری اور شفقت کے ہمراہ واردات کی نیت سے کورول گاؤں سے نکلا تھا۔ تاہم بالا مستری واپس چلا گیا جبکہ میں نے اور شفقت آگے چلے گئے۔

ملزم عابد ملہی نے کہا کہ موٹروے پر پہنچے تو وہاں ایک گاڑی کھڑی تھی جس کے انڈیکیٹر جل رہے تھے، وہاں جا کر دیکھا تو اس میں ایک خاتون اپنے بچوں کیساتھ وہاں موجود تھی۔ خاتون کو باہر نکلنے کا کہنا لیکن اس نے انکار کیا جس پر ہم نے گاڑی کا شیشہ توڑ کر اسے باہر نکالا اور اسے موٹروے سے نیچے جانے کو کہا، انکار پر اس کے بچوں کو نیچے لے گئے، وہ خاتون اپنے بچوں کو بچانے آئی تو اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔

خیال رہے کہ موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم کو گزشتہ رات گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے عابد ملہی کو فیصل آباد سے گرفتار کرکے لاہور منتقل کیا۔ معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں اس گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عابد ملہی کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انشاء اللہ قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ بعد ازاں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا ہے اور پولیس تمام معلومات میڈیا کے ساتھ شیئر کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کیس کو خود مانیٹر کر رہے تھے جبکہ آئی جی ، سی سی پی او لاہور اور پولیس اہلکار دن رات کام کر رہے تھے۔

 ادھر سردار عثمان بزدار نے حکومتی پالیسیوں بارے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے کسانوں کیلئے ای کریڈٹ قرضوں کی سکیم بڑھا دی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت کسان دوست حکومت ہے۔ دو سال میں کسانوں کو 35 ارب روپے کے قرض فراہم کئے جا چکے ہیں۔ کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کیلئے اہم اقدامات کر رہے ہیں۔ زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس سال گندم، چنے اور کینولا کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ دو سال میں صوبے میں 78 ہزار ایکڑ بنجر اراضی کو قابل کاشت بنایا گیا۔ پہلی بار گنے کے کاشتکاروں کو پوری ادائیگیاں کی گئی ہیں۔


ای پیپر